بنوں ( نمائندہ خصوصی )شہید پولیس اہلکار شائستہ خان کی نماز جنازہ اقبال شہید پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کیتفصیلات کے مطابق آج دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہادت کا مرتبہ پانے والے پولیس اہلکار شائیستہ خان کی نماز جنازہ اقبال شہید پولیس لائن بنوں میں سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کردی گئی۔ ریجنل پولیس آفیسر بنوں ریجن عمران شاہد، اسسٹنٹ کمشنر و دیگر پولیس افسران اور مقامی افراد نے کثیر تعداد میں جنازے میں شرکت کی۔آر پی او بنوں، اسسٹنٹ کمشنر اور ایس پی رورل سمیت اعلیٰ آفسران نے قومی پرچم میں لپٹے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے اور ان کی مغفرت کے لئے خصوصی دعا کی۔واضح رہے کہ شہید پولیس اہلکار شائیستہ خان تھانہ بکاخیل میں تعینات تھے۔ جو آج صبح دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہادت کے بلند مرتبے پر فائز ہوگئے۔ شہید پولیس اہلکار کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے کو روانہ کر دیا گیا ہے جہاں پر شہید کو پورے سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیااس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر بنوں ریجن عمران شاہد نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکار شائستہ خان جیسے جوان ہمارا فخر ہیں۔ جنہوں نے ملک و قوم کی سلامتی و بقا کی خاطر اپنی جان قربان کردی۔ ہم ان جانبازوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ان کو صفہ ہستی سے مٹا کر ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔