ممبئی:(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی سے اڑان بھرنے والی تین پروازوں اور ایک ٹرین میں بموں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی اداروں میں ہلچل مچ گئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بیورو آف سول ایوی ایشن آف سیکیورٹی (BCAS)نے خطرات سے نمٹنے اور حفاظتی اقدامات کو مربوط کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا۔متاثرہ پروازوں میں ایئر انڈیا کی ممبئی-نیویارک پرواز بھی تھی جسے فوری طورپر نئی دہلی کی طرف موڑ دیا گیا۔ طیارے نے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی جہاں اس کی مکمل تلاشی لی گئی لیکن کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا۔یہ پرواز اب239 مسافروں کو لے کر کل صبح نیویارک کے لیے روانہ ہو گی ۔اس کے علاوہ انڈیگو کی دو پروازوں کو بھی اسی طرح کی دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ممبئی سے مسقط جانے والی پرواز6E 1275کو گرائونڈ کر دیا گیا اور تلاشی کے لیے الگ جگہ منتقل کر دیا گیا ۔ تھوڑی دیر بعدانڈیگوکی ممبئی-جدہ پروازکو بم کی دھمکی موصول ہوئی اور اسے معائنہ کے لیے ایک دوسری جگہ کی طرف موڑ دیا گیا۔