لاہور ( بیورو رپورٹ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب خواہ مخواہ ٹانگ نہ اڑائیں، ان کا انتظامی معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ تحریک انصاف والے کام گورنر پنجاب نے شروع کر دیئے ہیں۔ سندھ کے اندر سکولز میں جانور بندھے نظر آتے ہیں اور امتحانات میں نقل اور پورے کے پورے سینٹرز کا بکنا رواج ہے۔ جس صوبے میں آپکی پارٹی 16 سال سے حکومت کر رہی ہے وہاں آج بھی 19ویں صدی والا سکول سسٹم رائج ہے۔ پنجاب کے 7 اضلاع شرح خواندگی میں آج بھی ٹاب پر ہیں جبکہ سندھ میں تو سرے سے سکولز ہی موجود نہیں ہیں۔ آپ کا انتظامی معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں، آپ گورنر ہاؤس میں چائے کافی اور خشک میوہ جات انجوائے کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر پنجاب کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے محکمہ تعلیم میں آئے روز میڈیا پر گھوسٹ ملازمین اور گھوسٹ طلبہ کی خبریں نشر ہوتی رہتی ہیں۔ کراچی کے دو علاقوں اور حیدرآباد کے علاوہ باقی پورے سندھ میں شرح خواندگی صفر ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پنجاب میں تعلیم کا معیار بہتر ہونے کے باعث سرکاری سکولوں کے طلبہ بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کر رہے ہیں۔ یہاں بچوں کو لیپ ٹاپس، وظائف، سکوٹیز مل رہے ہیں اور دوسری طرف کچھ دن پہلے سندھ میں ہونے والے ایم ڈی کیٹ کی کہانیاں پورے ملک نے دیکھی ہیں۔ گورنر صاحب بڑی تکلیف سے آپکو یاد کرانا پڑتا آپ گورنر ہیں انتظامی معاملات سے آپکا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ حکومت کیسے چلانی ہے، صوبے کے انتظامی امور کیسے چلانے ہیں، مریم نواز بہت اچھے سے جانتی ہیں۔