کراچی (نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تمام محکموں کو مالی سال 26-2025 کے ترقیاتی منصوبوں کی تیاری کےلیے تفصیلی ہدایات جاری کردی ہیں۔ہدایات منصوبہ بندی و ترقی ڈویژن کے ذریعے جاری کی گئی ہیں جن میں مشکل معاشی حالات، وفاقی پالیسیوں اور حکومت سندھ کے ترقیاتی اینجنڈہ کو مدنظر رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ عوامی ترقیاتی پروگرام میں وفاقی اور صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق علاقائی ترجیحات اور سماجی اور معاشی اثرات کو مدنظر رکھ کر بنایا جائے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ تجویز کردہ منصوبے حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کے مطابق ہوں اور قابل ذکر سماجی اور معاشی نتائج کے حامل ہوں ۔وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق تمام محکمے وفاقی ترقیاتی پروگرام کے رہنما اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ یہ پروگرام اب تک التویٰ کا شکار ہے۔ تمام محکمے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر خاص طور پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ عوامی ترقیاتی پروگرام کا ابتدائی حصہ علاقائی ترجیحات اور بجٹ اسٹریٹجی پیپر میں دیے گئے بجٹ کے اندر رہتے ہوئے تیار کیا جائے۔ حتمی رقم محکمہ مالیات کی جانب سے فنڈز کی دستیابی کو دیکھ کر رکھی جائے گی۔وزیراعلیٰ کی ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ ترقیاتی بجٹ کا 80 فیصد جاری منصوبوں کےلیے مختص کیا جائے۔ جون 2025 تک تکمیل پانے والے منصوبے اپنی اصل تاریخ تک ہرصورت میں مکمل ہونے چاہئیں۔ مزید برآں وہ منصوبے جو اپنی کل لاگت کا 70 فیصد تک پہلے ہی استعمال ہر چکے ہیں تمام محکمے ان کےلیے بقیہ فنڈز مالی سال 26-2025 میں مختص کریں۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کی مدد سے چلنے والے منصوبوں کےلیے بیرونی امداد کا ہرصورت بندوبست کیا جائے۔ مزید برآن عوامی ترقیاتی پروگرام میں 2022 کے سیلاب متاثرین کی بحالی اور سماجی معاشی ترقی کو بھی شامل کیا جائے۔معاشی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے تمام محکموں کو ترغیب دی کہ وہ ایسے نئے منصوبوں کی بھی نشاندہی کریں جو نجی اور سرکاری شراکت داری کے ذریعے مکمل کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے منصوبے علاقی ترقیاتی حکمت عملی، موسمیاتی تبدیلی فریم ورک اور پائیدار ترقی جیسے قومی اہداف سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں۔وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ نئے ترقیاتی منصوبے بناتے وقت اعداد و شمار کے جدید ذرائع جیسے ملٹی ڈائمینشنل پاورٹی انڈیکس ( ایم پی آئی ) مردم شماری اور ایم آئی سی ایس کا بھی استعمال کریں تاکہ نئے منصوبوں کی افادیت میں اضافہ کیا جاسکے۔وزیراعلیٰ سندھ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ نئے منصوبوں کو عوامی ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کےلیے اکتوبر 2024 سے منظوری کے عمل کا آغاز کریں اور مارچ 2025 تک مکمل کرلیں۔ تمام محکموں کو 26-2025 میں مکمل ہونے والے تمام بڑے منصوبوں کی تکمیل کا ٹائم لائن چارٹ بھی دینا ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مالی سال 19-2018 سے پہلے منظور ہونے والے ایسے منصوبے جو ابھی تک مکمل نہیں ہوسکے انہیں یا تو موجودہ بجٹ کے ساتھ مکمل کیا جائے یا زمینی صورتحال کے مطابق انکے لیے نظرثانی شدہ بجٹ تجویز کیا جائے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت موجودہ معاشی حالات میں سخت نظم و ضبط ، طویل مدتی سماجی معاشی ترقی اور قدرتی آفات کے اثرات سے نکلنے کےلیے کوشاں ہے۔ یہ ہدایات 26-2025 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو منظم اور نتیجہ خیز بنانے کےلیے بنیاد فراہم کرتی ہیں۔