سری نگر (نیٹ نیوز):بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے عبادتگاہوں کے تحفظ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیاہے۔کشمیر میڈیا سرو س کے مطابق میر واعظ نے ان خیالات کا اظہار آج سرینگر کے علاقے بوہری کدل میںایک مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔تقریب میں بزم توحید کے قائم مقام صدر ڈاکٹر طارق احمد بٹ، جمعیت اہلحدیث کے صدر ڈاکٹر عبداللطیف کندی، مولانا مقبول اخرانی، مفتی یعقوب بابا، ڈاکٹر ابو مجید ڈار، مفتی غلام رسول سامون، مولانا لطیف احمد اور دیگر کئی ممتاز علمائے کرام کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگ شریک تھے۔میرواعظ نے مسجد کی تعمیر نو میں لوگوں اور منتظمین کے کردار کو سراہا اور تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ اس نیک کام میں دل کھول کر حصہ ڈالیں۔یاد رہے کہ بوہری کدل میں واقع بازار مسجد رواں برس 24 جون کو آتشزدگی کے باعث خاکستر ہوگئی تھی .