لاہور۔(نمائندہ خصوصی)پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری سے ملک کے صنعتی اور تجارتی شعبوں کی بحالی اور پائیدار اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔اتوار کو یہاں کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ اس سرمایہ کاری کو صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے پوری طرح سے استعمال میں لایا جائے۔ اس سرمایہ کاری کو بنیادی ڈھانچے، توانائی اور مینوفیکچرنگ جیسے اہم شعبوں میں مکمل طور پر بروئے کار لانے کے لیے اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور شفافیت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کی بحالی اور توسیع کو بھی ترجیح دی جانی چاہیے کیونکہ یہ ترقی کے لیے انجن کے طور پر کام کرتا ہے۔ مینوفیکچرنگ سیکٹر کی مکمل بحالی سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو گا جس سے ملک کے تجارتی توازن کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔مینوفیکچرنگ سیکٹر کے استحکام سے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مہارتوں کی ترقی کو بھی فروغ ملے گا جو طویل مدتی اقتصادی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی تشکیل اور کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کر کے مزید سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکتا ہے۔ اس شراکت داری سے نہ صرف پاکستان کی معاشی بحالی میں مدد ملے گی بلکہ علاقائی تجارت میں بھی اس کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔