مسقط(نمائندہ خصوصی):مسقط میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام پہلی کثیر الجہتی پاکستان ۔عمان ٹریڈ ایکسپو اینڈ بزنس کانفرنس 12-13 اکتوبر 2024 کو مسقط میں منعقد ہوئی۔پاکستان۔ عمان انویسٹمنٹ کمپنی کے چیئرمین سید جولینڈ بن جعفر السعید، سماجی ذمہ داری کے بین الاقوامی سفیر سیدہ حجیجہ بنت جعفر السعید، عمان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین فیصل بن عبداللہ الروس، عمان میں پاکستان کے سفیر عمران علی اور عمان انویسٹمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر( سی ای او) نعمان علی ، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ثاقب فیاض مگوں اور ممتاز پاکستانی اور عمانی کاروباری شخصیات نے اس بزنس کانفرنس میں شرکت کی ۔عمان میں ٹیکسٹائل، ملبوسات، فیشن ملبوسات، زرعی مصنوعات، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، فارماسیوٹیکل، دستکاری، ہوٹل سرمایہ کاری سمیت 10 کیٹیگریز پرمبنی کاروباری شعبوں نے پہلی بار ایک ہی چھت تلے اپنی مصنوعات کی نمائش کا اہتمام کیا ہے۔اس تقریب میں پاکستان کی بڑی کمپنیوں کے 172 کاروباری مندوبین نے شرکت کی۔ ایکسپو نے پاکستانی کاروباری اداروں کو عمانی مارکیٹ میں اپنی اعلی معیار کی مصنوعات کی نمائش کے ساتھ ساتھ پاکستانی سرمایہ کاروں کو برادر ملک عمان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اس ایکسپو نے عمانی اور پاکستانی کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست بات چیت کی سہولت فراہم کی جس کے نتیجے میں مستقبل میں شراکت داری اور تعاون کو فروغ ملے گا۔ پاکستانی تاجروں کو عمان میں کمپنی کھولنے اور چلانے سے متعلق قانونی طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لئے الگ الگ سیشنز کا بھی انعقاد کیا گیا۔دونوں اطراف کے مقررین کا خیال تھا کہ دونوں فریقوں کے درمیان خوشگوار تعلقات دونوں ممالک کے تجارتی حجم کی حقیقی صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتے۔ عمان اپنی معیشت کو متنوع بنانا اور تیل پر انحصار کم کرنا چاہتا ہے جبکہ پاکستان اپنی برآمدات میں اضافہ اور نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنا چاہتا ہے۔ او سی سی آئی کے چیئرمین نے اپنے خطاب میں پاکستان سے نمائش کنندگان اور کاروباری وفود کو خوش آمدید کیا اور کہا کہ پاکستان اور عمان اپنی تجارت کو کئی گنا بڑھا سکتے ہیں۔پاکستانی سفیر عمران علی چوہدری نے ایکسپو کے انعقاد میں سہولت فراہم کرنے پر عمان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فورم پاکستان اور عمان کے درمیان اقتصادی شراکت داری کا ایک نیا باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری اور تجارتی برادری کے باقاعدگی کے ساتھ ایک دوسرے سے ملنے سے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس ایکسپو کو سالانہ بنیادوں پر منعقد کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔