کراچی ( بیورورپورٹ ) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کا عمل جاری ہے، برساتی نالوں میں جہاں جہاں چوکنگ پوائنٹس ہیں انہیں کھولا گیا ہے، برساتی نالوں کی صورتحال بہتر ہے اور برساتی پانی کی نکاسی کے لئے پمپس اور بھاری مشینری کا استعمال کیا جارہاہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی رات چار بجے تک شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر بلدیہ عظمی کراچی، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایت پر میٹروپول، شیریں جناح کالونی، کھارادر، شاہین کمپلیکس، پی آئی ڈی سی اور دیگر علاقوں میں پمپس لگا دیئے گئے ہیں
تاکہ برسات کے ساتھ ساتھ پانی کی نکاسی کا عمل بھی جاری ہے، انہوں نے لیاری میں لی مارکیٹ، کھارادر اور چاکیواڑہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ایمپریس مارکیٹ، نمائش اور گرومندر کے علاقوں میں برساتی پانی کے نکاسی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی، نمائش سے لائنزایریا، پیپلز چورنگی، کشمیر روڈ اور خداداد کالونی کے دورے کے موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ ان سڑکوں پر جو عملہ تعینات ہے وہ چوبیس گھنٹے اپنے فرائض انجام دے گا تاکہ پانی کی نکاسی میں اگر کوئی رکاوٹ آئے تو اسے فوری دور کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے طارق روڈ، چار مینار چورنگی، بہادرآباد اور متصل علاقوں کے دورے کے موقع پر ان شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لئے سٹی وارڈنز تعینات کرنے کی ہدایت کی تاکہ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی کو بحال رکھا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ گجر نالے اور دیگر چھوٹے نالوں میں پانی کی نکاسی جاری ہے، نالوں سے مسلسل کچرا نکالا جا رہا ہے اور مختلف علاقوں سے پانی کے ساتھ جو کچرا ان نالوں میں آرہا ہے انہیں بھی فوری ہٹایا جا رہا ہے، کے ڈی اے چورنگی، ناگن چورنگی اور ملحقہ علاقوں کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو نکاسی آب کے کاموں سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ ڈی ایم سی سینٹرل کے افسران اور عملہ سڑکوں پر موجود ہے اور مسلسل کاموں میں مصروف ہے، انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی کے علاقے سرجانی ٹاو ن میں موسلادھار بارش کے باعث پانی جمع ہوا ہے جسے مسلسل نکالا جا رہا ہے،
ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ زبیر چنا نے اس موقع پر عملے کو ہدایت کی کہ پانی کی نکاسی کے فوری بعد صفائی ستھرائی کی جائے، انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بتایا کہ نشیبی علاقوں اور گلیوں میں جہاں پانی موجود ہے وہاں صفائی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کورنگی کاز وے پر برساتی پانی جمع ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایم سی کورنگی کے ایڈمنسٹریٹر کو ہدایت کی کہ کاز وے سے پانی کی نکاسی کو جلد سے جلد ممکن بنایا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے عید کے دنوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اس لئے متعلقہ افسران اور عملے کو چوکس رہنا چاہئے اور اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے سڑکوں پر موجود ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ وہ خود عید کے ان ایام میں شہر کا دورہ کرکے ان کاموں کا جائزہ لیں گے۔