اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)پاکستان 15 اور16 اکتوبر کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈ آف گورنمنٹ (سی ایچ جی)کے 23 ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا ۔ہفتہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کونسل آف ہیڈ آف گورنمنٹ (سی ایج جی)کے حالیہ چئیرمین ہونے کے ناطے وزیر اعظم محمد شہبازشریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔اجلاس میں چین، روس، بیلاروس،قزاخستان،تاجکستان،کرغیزستان اور ازبکستان کے وزراء اعظم اپنے ملکوں کی نمائندگی کریں گے۔ ایران کے نائب صدر اول،بھارت کے وزیر خارجہ بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔منگولیا کے وزیر اعظم بطور مبصر سٹیٹ اور ترکمانستان کے کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین اور وزیر خارجہ اجلاس میں خصوصی مہمان کے طور پر شریک ہوں گے۔اس اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف سربراہان مملکت اور وفود سے دوطرفہ اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔اجلاس میں ممبر ممالک کے درمیان حالیہ اقتصادی، تجارتی، ماحولیاتی،سماجی ثقافتی تعلقات پر تبادلہ خیال بھی ہوگا۔اجلاس میں تنظیم کی کارکردگی پر بھی غور کیاجائے گا۔ایس سی او ممبر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اہم فیصلے بھی کئے جائیں گے جبکہ تنظیم کے بجٹ کی منظوری بھی دی جائے گی۔