اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):ٹیلی نار پاکستان کی جانب سے چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد چھاتی کے کینسر کے بارے میں اہم معلومات بشمول خطرے کے عوامل، بیماری کی روک تھام کی حکمت عملی، اموات کو کم کرنے اور مریضوں کی مدد کے لئے جلد تشخیص کی اہمیت فراہم کرنا تھا۔ اسلام آباد میں شفا فاؤنڈیشن کے تعاون سے ٹیلی نار ہیڈ کواٹرز 345 میں منعقد کئے گئے اس آگاہی سیشن میں ملک بھر سے کمپنی ایمپلائز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ٹیلی نار سے جاری بیان کے مطابق سیشن میں عدم آگاہی کی وجہ سے تشخیص میں تاخیر اور اس سے پیدا ہونے والے اثرات پر زور دیا اور شرکاء کو جلد تشخیص اور فعال اقدامات کے ذریعے جان بچانے کی تدابیر سے بھی آگاہ کیا گیا۔ٹیلی نار پاکستان کی چیف پیپل آفیسر عریج خان نے سیشن سے خطاب کیا اور صحت سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے کے لئے کمپنی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے اہم مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ایک ذمہ داری سے بڑھ کر صحت مند کمیونٹی اور آخر کار معاشرے کی تعمیر کی بنیاد ہے، ایک سماجی طور پر ذمہ دار ادارے کے طور پر ہم اس انتہائی ضروری آگاہی کو انفرادی سطح تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں تاکہ معاشرے کی بھلائی اور جان بچانے کی یہ معلومات ان لوگوں تک پہنچیں جنہیں اس کی ضرورت ہے۔ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی کنسلٹنٹ ریڈیولوجسٹ ڈاکٹر ثنا سعید نے جان بچانے میں چھاتی کے سرطان کی سکریننگ اور جلد پتہ لگانے کے اہم کردار پر پریزنٹیشن پیش کی۔انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ایشیائی ممالک میں پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے سب سے زیادہ واقعات ہیں جہاں تقریباً 9 میں سے ایک خواتین کو اپنی زندگی کے دوران تشخیص کا خطرہ لاحق ہے تاہم ابتدائی تشخیص سے بقا کی شرح میں حیرت انگیز طور پر بہتری آسکتی ہے اور زندگی بچنے کے امکانات 90 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔ ڈاکٹر سعید نے جان لیوا بیماری سے آگاہی کے متعلق ٹیلی نار پاکستان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کوششیں معاشرے کی فلاح کے لئے نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں جو وسیع پیمانے پر آگاہی اور بالآخر زندگیاں بچا سکتی ہے۔ہر سال ماہ اکتوبر کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے طور پر’پنک ٹوبر’ کے نام سے منایا جاتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق چھاتی کا سرطان سالانہ تقریباً 2.3 ملین افراد کو متاثر کرتا ہے جو جلد تشخیص اور احتیاطی تدابیر کی فوری ضرورت پر زور دیتا ہے۔ ٹیلی نار پاکستان معاشرے کی فلاح اورمثبت ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ یہ آگاہی سیشن ایمپلائزاور کمیونٹی کی بہتری کے لئے کمپنی کی کاوشوں کا عکاس ہے۔