اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی مینجمنٹ کے ہدایت کی ہے کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اپنی استعداد کار بڑھائے اور مقرر وقت میں اپنے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے موثر انداز میں کام کرے۔وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے یہ ہدایت پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی)کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 61 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی جس کا انعقاد بدھ کو وزارت آئی ٹی کے کمیٹی روم میں ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان بھی موجود تھے۔ چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاوسز ایسوسی ایشن سجاد مصطفی سید نے اجلاس کو ورچوئل لنک کے ذریعے جوائن کیا۔شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ ورکنگ میں بہتری لانے کے لئے سٹرٹیجی بنائے اور اہداف پر مکمل توجہ مرکوز کرے۔شزہ فاطمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لئے کوشاں ہے۔اجلاس میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی ورکنگ اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔