ملتان(اسپورٹس رپورٹر) انگلینڈ کے سابق کپتان رائٹ ہینڈ بیٹسمین جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے انگلش کھلاڑی بن گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز سابق انگلش ٹیسٹ کپتان جو روٹ اپنے کیریئرکی 35 ویںسنچری بناکر سب سے زیادہ رنز بنانے والے انگلش بیٹسمین بن گئے۔ان سے پہلے یہ ریکارڈ بائیں ہاتھ کے بلے باز الیسٹرا کک کے نام تھا۔ انگلینڈ کے سابق کپتان افتتاحی بلے باز الیسٹرا کک نے انگلینڈ کیلئے 2006ءسے 2018ءکے دوران 161 ٹیسٹ کی 291 اننگز میں 12472 رنز 45.35 کی اوسط سے بنائے تھے، جن میں الیسٹرا کک کی 33 سنچریاں اور 57 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے بیٹسمینوں میں اب پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔یارکشائر کاو نٹی سے تعلق رکھنے والے جو روٹ نے دسمبر 2012ءمیں ناگپور میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں جو روٹ نے 73 اور دوسری اننگز میں ناٹ آوٹ 20 رنز بنائے تھے۔30 دسمبر 1990ءکو پیدا ہونے والے جوزف ایڈورڈ روٹ کے کیریئر کا یہ 147 واں ٹیسٹ ہے، جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا اگلا ہدف 13ہزار رنز تک رسائی ہے۔