اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ژوب میں فرنٹیئر کور کی پوسٹ پر دہشتگرد حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل سد باب تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے حملے میں دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔وزیراعظم نےدہشتگرد حملے میں حوالدار جمشید خان کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔وزیراعظم نے شہید کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز کے جوان دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، شہیدوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل سد باب تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔