اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی اور کراچی دھماکے میں 2 چینی شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔پیر کو وفاقی وزیر داخلہ سیدمحسن نقوی چینی سفارت خانے گئے اور چینی سفیر سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر محسن نقوی نے چین کے سفیر، حکومت اور ہلاک ہونے والے چینی باشندوں کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر کو دھماکے کی تمام تفصیلات اور تحقیقات میں پیش رفت کے بارے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں چین کی حکومت اور
ہلاک ہونے والے شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، واقعہ کی جامع تحقیقات کو یقینی بنا کر اس اندوہناک سانحہ میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین دوستی پر حملہ ناقابل برداشت ہے، یہ برادرنہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی گھنائونی سازش ہے، بزدل دشمن کی اس سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرنے والے چینی بھائیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، دشمن نے پاکستان کے انتہائی قابل اعتماد دوست ملک کے شہریوں کو نشانہ بنایا، یہ حملہ چینی شہریوں پر نہیں بلکہ پاکستان پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو اس حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔