لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اسلام آباد کی امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ، اسلام آباد انتظامیہ اسلام آباد پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانے پر اسلام آباد پولیس نے شاندار کردار ادا کیا، پاک فوج، پنجاب پولیس اور رینجرز کے دستوں نے بھی اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کیا ، جنہوں نے اتوار کو وزیراعظم سے ملاقات کی ۔وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو اسلام آباد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے اسلام آباد کی امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ، اسلام آباد انتظامیہ اسلام آباد پولیس کی ستائش کی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانےمیں اسلام آباد پولیس نے شاندار کردار ادا کیا، پاک فوج، پنجاب پولیس اور
رینجرز کے دستوں نے بھی اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کانسٹیبل حمید شاہ نے عوام کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی،شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہید کے اہل خانہ کا مکمل طور پر خیال رکھا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کی شہریوں کی جان و مال کے حفاظت کو یقینی بنایا گیا ،صورتحال تیزی سے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ معیشت کی ترقی اور مملکت خداداد کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے،سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی، دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے، سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے حوالے سے کسی کو غیر قانونی طور پر عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے، آنے والے دنوں میں پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی تقاریب معمول کے مطابق ہوں گی ۔وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی کے بہترین اور اعلیٰ معیار کے انتظامات کیے جا رہے ہیں جس پر پوری توجہ ہے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اہم شاہراہیں ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہیں، صورتحال تیزی سے معمول پر آ رہی ہے۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی واپسی پر بھی بریفنگ دی اور کہا کہ سری لنکا میں قید 56 پاکستانی قیدی آج وطن واپس پہنچیں گے۔ وز یر داخلہ نے کہا کہ وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے تمام اخراجات برداشت کریں گے ۔وزیراعظم نے سری لنکا سے قیدیوں کی واپسی کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر نجکاری کی کوششوں کی تعریف کی۔