اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر مہرین بھٹو نے شمالی وزیرستان کے علاقہ سپن وام میں کلیئرنس آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت6جوانوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کے روز انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت، لانس نائیک محمد اللہ، محمد اختر زمان، شاہد اللہ، یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں، سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کے جانی نقصان پر دل رنجیدہ ہے اور اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔ڈاکٹر مہرین بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہداء کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے، ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام سپائی ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بد امنی اور فساد برپا کرنے والے ملک اور قوم کے دشمن ہیں، پاکستان کا دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گا۔ ڈاکٹر مہرین بھٹو نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل عطاء فرمانے کے لیے دعا گو ہوں ۔