سیالکوٹ۔(نمائندہ خصوصی )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے اقتدار کی محرومی میں پاکستان سے وفاداری کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے،پی ٹی آئی اور عمران خان کی کمٹمنٹ پاکستان سے نہیں صرف اقتدار سے ہے کیونکہ ان لوگوں کے لیے سب کچھ اقتدار ہی ہے، پی ٹی آئی نے 2014 ء میں بھی چینی صدر کی آمد پر دھرنا دیا تھا، اسی طرح اب پھر 10 سال بعد پی ٹی آئی نے وہی سازش اختیار کی ہے اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس جیسے اہم عالمی پلیٹ فارم کے موقع پر اسے ثبوتاثر کرنے کے لیے یہ سب کچھ کیا جارہا ہے،مسلح جتھے لائے جارہے ہیں جن میں سیکڑوں افغانی موجود ہیں، پی ٹی آئی کے احتجاج سے افغانیوں کی گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں سیالکوٹ کینٹ میں اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کو روکنے کی کوشش کی ہے، پی ٹی آئی کے احتجاج میں سینکڑوں افغانی بھی آ رہے ہیں جو ناجانے طالبان ہیں یا کون ہیں یہ تو بعد میں شناخت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک مسلح جتھ جماعت ہے جس کی قیادت ایک صوبے کا وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کر رہا ہے اور پاکستان کے ایک صوبے سے پاکستان کے دوسرے حصوں پر حملہ آور ہوا جا رہا ہے جس میں سرکاری پیسہ اور وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ پی ٹی آئی ایک طرف افغانی طالبان کو مسلح کر کے دارالحکومت پر حملہ آور ہو رہی ہے اور دوسری طرف بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو اپنے ڈی چوک کے احتجاج میں خطاب کی دعوت دے رہی ہے جو ان کی ملک دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پی ٹی آئی سے یہ پوچھا جانا چاہیئے کہ انہوں نے ایسا بیان کیوں دیاانہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے 2014ء میں بھی اسی طرح حملہ کیا اور 126 دن تک دھرنا دئیے رکھا جس سے چینی صدر کا دورہ پاکستان موخر ہوا اور پھر ہمیں ایک سال تک ان کے دورے کا انتظار کرنا پڑا، اسی طرح اب پھر 10 سال بعد پی ٹی آئی نے وہی سازش اختیار کی ہے اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)جیسے اہم پلیٹ فارم کے انعقاد کو ثبوتاثر کرنے کے لیے یہ لوگ احتجاج کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کشیدگی ماضی میں بھی ہوتی رہیں لیکن کسی جماعت نے پاکستانی ہونے کی اپنی شناخت کو کبھی پیچھے نہیں چھوڑا لیکن پی ٹی آئی والے ڈی چوک میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو خطاب کی دعوت دے رہے ہیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اقتدار کی محرومی میں پاکستان کیساتھ وفاداری کو بھی ملیامیٹ کردیا گیا، بانی پی ٹی آئی نے اپنے دور میں پوری اپوزیشن کو جیل میں ڈال دیا تھا، ہماری جانب سے کبھی پاکستان کے مفاد کیخلاف بات نہیں کی گئی۔انہوں نے مذید کہا کہ اتنی ہی بات ہے تو یہ نریندر مودی کو بھی اپنے دھرنے میں دعوت دے لیں ، پی ٹی آئی کی شناخت بے نقاب ہورہی ہے جو افغان طالبان کو ساتھ لا رہے ہیں اور دوسری جانب جے شنکر کو اپنے جلسے میں خطاب کی دعوت دے رہے ہیں حالانکہ ہم تو عالمی سطح پر بھی بھارتی نمائندوں سے ملنا تو دور ہاتھ ملانے سے بھی گریز کرتے ہیں لیکن پی ٹی آئی والے انہیں دعوت دے رہے ہیں، پاکستان دشمن قوتوں کی اعانت سے پی ٹی آئی دارالحکومت اسلام آباد پر حملہ آور ہو رہی ہے اور جن طالبان کے ہاتھوں پر ہمارے جوانوں اور عام شہریوں کا خون ہے انہیں یہ اپنے ساتھ لا رہے ہیں تو پھر یہ ملک و قوم سے کیسے مخلص ہو سکتے ہیں آپ خود دیکھ لیں۔ان لوگوں کا ہدف شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)ہے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر اپنی ساکھ بحال نہ کر پائے لیکن ہم ان کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ وزیرستان میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت ہمارے جوان شہید ہوئے لیکن پی ٹی آئی والوں نے کبھی شہدا ءکو خراج عقیدت پیش نہیں کیا، آج تک انہوں نے مسئلہ فلسطین پر آواز نہیں اٹھائی، غزہ کے مسلمانوں کے حق میں انکا ایک بھی بیان مجھے دکھا دیں، اسلام آباد پر حملے کو ہم دشمن کا حملہ سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کے کسی رہنما کی جانب سے کبھی ہمارے شہداء کے حق میں کوئی بیان نہیں آیا۔انہو ں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پریشانی کی ایک بڑی وجہ ملکی معیشت کا بہتر ہونا بھی ہے، ملکی معاشی اشاریے بہتر ہوتے نظر آ رہے ہیں ، پٹرول، بجلی اور دیگر اشیا سستی ہوئی ہیں، ان کو ڈر ہے کہ ان کیخلاف کیسز شروع ہوگئے ہیں، اب یہ جے شنکر کو اپنا والی وارث سمجھ رہے ہیں اور اسی لیے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوششیں کر رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ جیسے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو انتہائی بہتر انداز میں پیش کیا ہے، وزیراعظم کے کامیاب دورے پر پی ٹی آئی کو دورے پڑ رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جو کر رہی ہے اسے اس سب کا حساب دینا ہو گا، یہ یہودی لابی کے ایجنڈا پر کام کررہے ہیں، ان کو صادق اور امین کہا گیا، آپ بتائیں صادق اور امین کس کا لقب ہے،عمران خان نے اپنے سالے سیہونی یہودی کو صادق اور امین کہا جو کہ ہمارے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا لقب ہے، اور یہ نعوذ باللہ کس کو کن کے ساتھ ملارہا ہےجن کیخلاف کیسز ہیں، انکو الٹا لٹکا کر حساب لیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لاشیں گرانا چاہتی ہے، یہ بندے مروانا چاہتے ہیں لیکن ہم ایسا ہرگز نہیں چاہتے اس لیے ہمارے پولیس والے مسلح نہیں ہیں، پنجاب پولیس جتنا برداشت کررہی ہے آفرین ہے ان پر، یہ مسلح جتھے لے کر آرہے ہیں یہ پاکستانیوں کا کام نہیں ہے، عدلیہ نے 10 سال میں قانون کا تحفظ کیا ہوتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، لاشیں گرانے اور خونریزی میں ہی ان کو اپنی کامیابی نظر آرہی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا حملہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا اجلاس ہے جو سو فیصد ملک دشمنی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے نے ہر حد پار کر دی ہے اس لیے کسی بھی امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ پی ٹی آئی نے پہلے صوبے کو خود لوٹا اور اب حملے کی مد میں پیسہ ضائع کیا جا رہا ہے جو ملک دشمنی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، اسرائیل پاکستان کے ساتھ پنگا نہیں لے سکتا، اسرائیل بانی پی ٹی آئی کے ذریعے ہم پر حملہ آور ہے، بانی پی ٹی آئی یہودی لابی کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، اسرائیل کا ایجنڈا بانی پی ٹی آئی پورا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جو مرضی کرلے، اسلام آباد میں ان کے حملے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، چوہدری فیصل اکرام، شکیلہ آرتھر سمیت صدر پاکستان مسلم لیگ ن سیالکوٹ سٹی محمد رفیق مغل اورمسلم لیگ ن خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری مس نصرت جمشید بھی اس موقع پر یہاں موجود تھیں۔