کراچی ( نمائندہ خصوصی) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 38روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2024 ءکے نویں روز گرپس تھیٹر گروپ کی جانب سے تھیٹر پلے ”اَن فٹ بال ہے دنیا میرے آگے“ آڈیٹوریم II میں پیش کیا گیا، تھیٹر کے ہدایت کار عمران اسلم (مرحوم) اور ڈائریکٹر یاسمین اسماعیل تھے، تھیٹر کے فنکاروں میں فائزہ قاضی، عمید ریاض، عائشہ شیخ،حنا عمید، خالد انعم ،ما ریہ حسین شیخ اور خلیفہ سجیرالدین شامل تھے، تھیٹر ”اَن فٹ بال ہے دنیا میرے آگے“ میں ماحول کے تحفظ ، صفائی اور کھانے پینے کی چیزوں کو نمایاں کیاگیا تھاکہ دھواں کس طرح ہماری کھانے پینے کی چیزوں میں شامل ہوکر ہمیں بیماریوں میں مبتلا کرتاہے، ڈرامے میں دکھایا گیا کہ دونوں تشویش کا باعث بننے والے مسائل سے کیسے نمٹا جاسکتا ہے، ڈرامے میں بچوں اور بڑوں دونوں کے لیے ایک پیغام چھپا تھا، ”اَن فٹ بال ہے دنیا میرے آگے“ میں اسکول کے طلباءسمیت ہال میں بیٹھے لوگوں نے گانوں کو خوب انجوائے کیا، تھیٹر میں اسکول کی طلباءکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری 38روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2نومبر تک جاری رہے گا جس کے ٹکٹ آرٹس کونسل کراچی اور ٹکٹ والا ڈاٹ کام سے حاصل کیے جاسکتے ہیں ، آرٹس کونسل کے ممبران 50فیصد رعایت پر آرٹس کونسل سے بآسانی ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔