کراچی(نمائندہ خصوصی )جاپان حکومت نے جامع شفاءاسپتال کو مشینری اورطبی آلات کی خریداری کیلئے گرانٹ جاری کردی۔اس حوالے سے جاپان قونصلیٹ کراچی میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں جاپانی قونصل جنرل ہوتاری مسارو، جامع شفاءاسپتال کے فوکل پرسن ڈاکٹر میر واعظ ، مشیر سرمایہ کاری بورڈ حکومت پاکستان اورپاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین فیروز شاہ ،ڈاکٹر مسعوداسمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔تقریب میں جاپانی قونصل جنرل ہوتاری مسارونے جامع شفاءاسپتال کے فوکل پرسن ڈاکٹر میر واعظ کو اسپتال کی مشینری اورطبی آلات خریدنے کیلئے گرانٹ جاری کی۔واضح رہے کہ جاپان پاکستان میں چھوٹے فلاحی منصوبوں پر براہ راست فنڈنگ کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے ۔جاپان گورنمنٹ پاکستان میں شاہراہوں، ٹنلز، پاور پلانٹس، گرڈ سٹیشنز کی تعمیر ، ٹارگٹ پروجیکٹس اور بنیادی انسانی سہولتوں مثلاً صحت ، تعلیم، پینے کاصاف پانی کی فراہمی، سینی ٹیشن، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ہیومن ریسوس ڈویلپمنٹ ، زراعت اور لائیو اسٹاک سمیت دیگر شعبوں میں مالی اور تکنیکی معاونت بھی فراہم کر رہا ہے۔