اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، 5 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک اسلام آباد میں سکیورٹی کے لئے فوج تعینات رہے گی ۔ وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایس سی او کانفرنس کے دوران سکیورٹی کے سلسلے میں اسلام آباد میں فوج کو تعینات کیا گیا ہے،فوج کی تعیناتی آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں 5 سے 17 اکتوبر تک فوج تعینات رہے گی، اسلام آباد کی سکیورٹی کی ذمہ داری فوج کے حوالے ہوگی اور پولیس سمیت دیگر ادارے فوج کی معاونت کریں گے۔واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں بھارت سمیت کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔