اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )ملک بھر میں 7 اکتوبر کو غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے شکار نہتے مسلمان بہن بھائیوں کے ساتھ یوم یکجہتی منانے اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد کی وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں موجود سیاسی جماعتوں کا غزہ اور فسلطینیوں کے ساتھ قومی سطح پر اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا گیا۔ملاقات میں غزہ اور فلسطین میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے اور فلسطینی بہن بھائیوں کے حق میں آواز اٹھانے کیلئے وزیر اعظم کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ملاقات میں 7 اکتوبر کو ملک بھر میں غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے شکار نہتے مسلمان بہن بھائیوں کیلئے یوم یکجہتی منانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر یوم یکجہتی فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کیلئے کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔کمیٹی میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، شیری رحمن، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہوں گے۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ 7 اکتوبر کو پاکستان بھر میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور ان پر جاری اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے اجتماعات و سیمینار منعقد کئے جائیں گے،آل پارٹیز کانفرنس میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف شرکت کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے فلسطین و غزہ میں جاری نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے حوالے سے یوم یکجہتی پر بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ملاقات میں جماعت اسلامی کے غزہ اور فلسطین میں جاری نہتے مسلمان بہن بھائیوں کے حق میں یکجہتی کے موقف کی تعریف کی گئی ۔ ملاقات میں امیر جماعت اسلامی و وفد نے وزیر اعظم کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی تقریر میں فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے اور اسرائیلی وزیر اعظم کی تقریر کے آغاز پر وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستانی وفد کے واک آئوٹ کو سراہا۔