اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کے حق میں بھرپور آواز اٹھائی ، پاکستان اور ملائیشیا معدنیات، خوراک، زراعت، توانائی اور آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔جمعہ کو پی ٹی وی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کے حوالے سے بے پناہ مواقع ہیں، 70ء کی دہائی میں پاکستان کی تعلیم، تحقیق اور سائنس کے شعبے میں صلاحیتیں غیر معمولی تھیں، ہم پاکستان کو معاشی صلاحیت اور تعلیمی شعبہ میں رول ماڈل کے طور پر دیکھتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا بہت مداح ہوں، قائداعظم محمد علی جناح مدبر رہنما تھے،پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان معدنیات، خوراک، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں، بدعنوانی سے پاک اور سازگار ماحول سے کاروبار کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا آئی ٹی، ڈیجیٹل اور سیمی کنڈکٹرز میں خطہ میں سب سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں کے حق میں بھرپور آواز اٹھائی، ان کے ٹھوس مؤقف کو سراہتے ہیں.انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر سمیت جہاں بھی انسانی حقوق کی پامالی ہوتی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، دنیا کو اقلیتوں کو ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آسیان دنیا کا پرامن خطہ ہے، آسیان کا ڈائیلاگ پارٹنر بننے کیلئے ملائیشیا پاکستان کی حمایت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کام کا جذبہ رکھتے ہیں، ہم مل کر اپنے عوام کے باہمی مفاد میں ایک دوسرے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، ملائیشیا میں مقیم پاکستانی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستانی پروفیشنلز کی خدمات قابل تعریف ہیں۔