اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے وزارت صحت ڈاکٹر ملک مختار بھرتھ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن ( این آئی آر ایم )ہسپتال کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا،سرکاری ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کا پختہ عزم کر رکھا ہےجمعرات کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے این آئی آر ایم ہسپتال کے دورے کے موقع پر کیا۔ ڈاکٹرمختار احمد بھرتھ نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، ہسپتالوں میں اصلاحاتی ایجنڈے کی تکمیل پر کام جاری رہے گا، معیاری اور طبی سہولیات کی فراہمی عوام کا حق ہے ۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔این آئی آر ایم ہسپتال کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا ۔ ہسپتال کو سٹیٹ آف آرٹ سنٹر بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔جس سے ملک بھر سے آنے والے مریض حقیقی معنوں میں سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ این آئی آر ایم ہسپتال میں جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے مربوط پلان تشکیل دیا جائے گا۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے ہسپتال کی انتظامیہ کوہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی اور ستھرائی کے نظام کو یقینی بنائیں ۔ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسز اپنی ڈیوٹی لگن سے سر انجام دیں ۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہاکہ ہسپتال میں سپیچ تھراپی کی سہولیات کو مزیز بہتر بنایا جائے ۔