پیرس۔(نمائندہ خصوصی ):معروف مصور برکات کی سولو پینٹنگ کی نمائش پاکستان ہاؤس، پیرس میں منعقد ہوئی جس کا عنوان ’’خاموش افق: برش اور روح کے ذریعے ایک سفر‘‘تھا، تقریب میں متعدد ممالک کے سفیروں، فن کے مداحوں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ "خاموش افق”معذوری اور فنکاری کے امتزاج کو ظاہر کرتا ہے جو دیدہ زیب خوبصورتی کا ایک نادر نمونہ ہے، یہ صرف پینٹنگز کی نمائش نہیں بلکہ ایک حقیقی زندگی کی داستان ہے ۔ مصور کا تعارف کرواتے ہوئے سفیر نے یاد دلایا کہ برکات کا فنی سفر برسوں پرمحیط ہے ،برکات کے ان فن پاروں میں زندگی کی پچیدگیوں اور معاشرتی رویوں کو فوکس کیا گیا ہے،
یہ نمائش مشکلات اور مصیبتوں پر انسانی روح کی فتح کی عکاسی کرتی ہے،برکات کو زندگی کو بدلنے والی دماغی چوٹ کا سامنا کرنا پڑا جس نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔ "خاموش افق” کے ذریعے، ان کی پینٹنگز اور فن پارے خصوصی ضروریات کے حامل فرد کو درپیش روزانہ چیلنجزکے درمیان ذاتی ترقی اور تخلیقی صلاحیتوں کی ایک زبردست کہانی کے طور پر بیان کرتے ہیں۔یہ نمائش برکات کے فاتحانہ سفر کے نچوڑ کو سمیٹتی ہے، ان کا آرٹ ورک تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ نمائش ناقابل تسخیر انسانی جذبے کا ثبوت ہے۔
یہاں معذوری کوئی رکاوٹ نہیں تھی بلکہ وہ مصلحت تھی جس نے ایک قابل ذکر ہنر کو جنم دیا۔ ان پینٹنگز میں مشکلات پر فتح کو اجاگر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔برکات نے پنجاب یونیورسٹی سے بیچلر آف فائن آرٹس آنرز اور نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے بصری آرٹس میں ایم فل کی ڈگری حاصل کررکھی ہے۔ ان کا مقالہ معذوری کے لیے وقف تھا۔برکات کی پینٹنگز کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمائش ہوئی ہے۔برکات کے کام نے پاکستان میں ڈس ایبلٹی آرٹس موومنٹ کو تقویت دی جو خصوصی ضروریات کے حامل افراد کو شامل کرنے ک لیے فن کے کردار اور تخلیقی بااختیار بنانے میں معاونت کر رہی ہے۔ مزید برآں پروگرام میں برکات کی بہن ڈاکٹر عرشیہ احمد(نیورولوجسٹ)کے ساتھ گفتگو بھی کی گئی جنہوں نے ان کی شاندار صحت یابی، بحالی اور فنی سفر میں اہم کردار ادا کیا۔تقریب میں برکات کا فن اور معذوری کی کہانی کے ذریعے طبی اور سماجی مسائل تک مختلف جہتوں کو اجاگر کیا گیا۔ تقری کی مہمان خصوصی یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کی چیئرپرسن ویرا لیکیوہی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ مہمانوں نے برکات سے مل کر خوشی کا اظہار کیا، ان کی کامیابیوں کو سراہا اور ان کے تخلیقی کام میں گہری دلچسپی لی۔