ماسکو۔(مانٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی روس کے ڈپٹی وزیر اعظم الیکسی اوور چک، وزیر ٹرانسپورٹ رومان سٹار اووت اور ڈپٹی منسٹر صنعت و تجارت الیکسی گروزدیف سے کریملن میں ملاقات کے دوران تاپی گیس پائپ لائن، دو طرفہ تجارت، ذرائع مواصلات،مجوزہ ریل ٹریک اور دیگر منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔روس کے ڈپٹی وزیر اعظم نے نارتھ سائوتھ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کوریڈور میں پاکستان کی دلچسپی کولائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے یورو ایشیا اور شمالی و جنوبی ممالک میں بہترین تجارتی راہداری ملے گی۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور روسی ڈپٹی وزیر اعظم کے مابین ملاقات میں دو طرفہ تعاون میں اضافے، دونوں ممالک کے تجارتی حجم اور پاکستان،ایران، آذربائیجان اور روس تک کے مجوزہ تجارتی روٹ پر بھی بات چیت ہوئی۔ روس کے ڈپٹی وزیر اعظم نے ماسکو میں ہونے والے 3روزہ بزنس اینڈ ٹریڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستان کیلئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی قیادت میں پاکستان سے 70 بڑی کمپنیوں کی شراکت کو دو طرفہ تجارت بڑھانے کے لئے سنگ میل
قرار دیا۔ اپنی گفتگو میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان روس سے تجارتی روابط کو بڑھانا چاہتا ہے،ہم روس سے کاروباری اداروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کا تین روزہ دورہ ہر لحاظ سے مفید رہا ہے، بالخصوص ماسکو چیمبر آف کامرس اور بزنس کمیونٹی سے ہونے والی ملاقاتوں سے حوصلہ افزاء نتائج کی توقع ہے۔انہوں نے ڈپٹی وزیر اعظم اور روس کے وزراء صاحبان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے فورم منعقد ہوتے رہیں گے تاکہ دونوں اطراف کی بزنس کمیونٹی کے اعتماد میں اضافہ ہو اور ہم با مقصد رابطوں کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔دریں اثناء ماسکو میں تین روزہ پاکستان روس ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے اختتامی روز وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی روس کی کاروباری تنظیموں اور اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں انہوں نے ماسکو چیمبر آف کامرس اور روس کی حکومت کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئندہ5برسوں میں روس سے اپنی ایکسپورٹ سوا 4ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت میں اضافے کے لئے روس کی بزنس کمیونٹی کی سفارشات کو اہمیت دیں گے،پاکستان کا اصل ہدف برآمدات میں اضافہ ہے جس کے لئے نئے پلان آف ایکشن کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کے لئے ٹیکسٹائل، سرجیکل آلات، فوڈ، زراعت اور لیدر مصنوعات اہمیت کی حامل ہیں،ہمیں درپیش مسائل کے حل کے لئے متفقہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ان کا دورہ روس انتہائی مفید اور کامیاب رہا ہے اور وہ ماسکو سے خوشگوار یادیں، مثبت اور مضبوط امیدیں لے کر واپس جائیں گے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پاکستان روس ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد میں پاکستانی سفیر خالد جمالی، ٹریڈ منسٹر اور سینئر حکام کا بھی شکریہ ادا کیا۔