کراچی (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے امریکی نمائندہ خصوصی نے ون آن ون ملاقات کی جس میں آئی ٹی کے شعبے کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔وزیر آئی ٹی کی امریکی محکمہ خارجہ کے نمائندہ دلاور سید سے نیشنل انکوبیشن سینٹر کراچی میں ملاقات ہوئی۔نمائندہ خصوصی کے ہمراہ کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل مارک اسٹرو و دیگر عہدیداران موجود تھے ۔امریکی نمائندہ خصوصی کو این ای ڈی یونیورسٹی میں نیشنل انکوبیشن سینٹر کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کرایا گیا ۔سید امین الحق نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں انقلابی اقدامات پر وفد کو بریفنگ دی ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان اپنے ٹائم زون اور ماہرین کے حوالے سے انفارمیشن وکمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا اہم مرکز ہے۔امین الحق نے کہاکہ امریکی نمائندہ خصوصی سے پاکستانی آئی سی ٹی ایکو سسٹم کے حوالے سے مفید گفتگو ہوئی۔ امریکی نمائنہ خصوصی نے کہاکہ امریکی کمپنیاں پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی خدمات سے فائدہ اٹھا رہی ہیں، پاکستان کی نوجوان اور باصلاحیت آبادی امریکی سرمایہ کاروں کیلئے کشش رکھتی ہے۔ دلاور سید نے کہاکہ دونوں ممالک میں انفارمیشن وکمیونیکیشن ٹیکنالوجی شعبے میں بزنس کا حجم مزید بڑھایا جاسکتا۔