سری نگر(مانٹرنگ ڈیسک ):بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں تعینات 10لاکھ سے زائد قابض بھارتی فورسز اہلکاروں نے جبر و استبداد کی کارروائیوں کے ذریعے نہتے کشمیریوں کی زندگی جہنم بناد ی ہے۔بھارتی فورسز اہلکار وں کو کالے قانون ”آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ“ کے تحت بے لگام اختیار حاصل ہیں اور وہ کسی جواب دہی کے خوف کے بغیرعلاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کر رہے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سول سوسائٹی کے کارکنوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جمہوریت کا اصل چہرہ کشمیر میں پوری طرح سے بے نقاب ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے اطراف اکناف میں تعینات قابض بھارتی فوجیوں نے نہتے لوگوں کا جینا حرام کر رکھا ہے ۔کارکنوںنے کہا کہ بڑھتے ہوئے بھارتی ظلم وستم سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو مہمیز مل رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ مودی کے جابرانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے میں ناکام ہو چکے ہیں اور کشمیری حق پر مبنی اپنی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔سول سوسائٹی کے کارکنوں نے مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی جبر پرعالمی برادری کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس سے بھارت کو نہتے لوگوں پر مظالم جاری رکھنے کی شہ مل رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ دنیا کو چاہیے کہ وہ اپنی مجرمانہ خاموشی ترک کرے اور مودی حکومت کو مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر جواب دہ ٹھہرائے۔