کراچی( نمائندہ خصوصی) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب نے عالمی یوم قلب 2024کے موقع پر اپنی عمارت کو سرخ روشنیوں سے منور کیا، یہ اقدام ادارے کی جانب سے دل کی صحت کے بارے میں آگاہی بڑھانے اور دل کی بیماریوں کی روک تھام کے عزم کی علامت ہے۔اس خصوصی تقریب میں، عزت مآب ڈپٹی میئر کراچی، سلمان عبداللہ مراد نے بطور مہمان خصوصی سرخ روشنی کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن، این آئی سی وی ڈی کے شعبہ پریوینٹوکارڈیالوجی کے سربراہ پروفیسر خاور عباس کاظمی، فیکلٹی میمبران اور دیگر معزز شخصیاب بھی موجو د تھے۔روشنی کی تقریب کے بعد، این آئی سی وی ڈی کے احاطے میں سلمان عبداللہ مراد اور پروفیسر طاہر صغیر کی قیادت میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا، جس کا مقصد عوام کو دل کی صحت مند عادات اپنانے اور قلبی امراض سے بچاؤ کی ترغیب دینا تھا، واک میں فیکلٹی اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز نے بھرپور حصہ لیا۔تقریب کے دوران سلمان عبداللہ مراد اور پروفیسر طاہر صغیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات کرنے کی اہمیت پر زور دیا، جن میں صحت مند غذا کا استعمال، باقاعدگی سے ورزش کرنا اور سگریٹ نوشی جیسے نقصان دہ عادات سے پرہیز شامل ہے۔ دونوں مقررین نے این آئی سی وی ڈی کی خدمات کو سراہا، جو بالکل مفت کارڈیک کیئر کی خدمات فراہم کررہا ہے، جس کی بدولت بے شمار زندگیاں بچائی گئی ہیں اور پاکستان کی آبادی کی صحت میں بہتری لائی جارہی ہے۔سلمان عبداللہ مراد نے سندھ سمیت پورے ملک کے مریضوں کو امراضِ قلب کا مہنگا اور جدید علاج فراہم کرنے پر این آئی سی وی ڈی کی خدمات کو سراہا، انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کی دل کی بیماریوں کے خلاف کوششیں بے مثال ہیں اور وہ اس تقریب کا حصہ بننے پر فخر محسوس کر رہے ہیں، ہم سب کے لیے ضروری ہے کہ دل کی صحت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، این آئی سی وی ڈی اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے اور علاج فراہم کرنے میں قائدانہ کردار اداکررہا ہے۔این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے کہا این آئی سی وی ڈی کا دل کی صحت کے لیے عزم ہماری جاری اقدامات سے ظاہر ہوتاہے، جن میں امراضِ قلب کا مفت علاج اور عوامی آگاہی کی کاوشیں شامل ہیں۔ اس عالمی یوم قلب کے موقع پر ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنے دل کو صحت مند رکھنے کے لیے اقدامات کریں اور ایسی طرزِزندگی اپنائیں جو دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرے۔پروفیسر خاور کاظمی نے دل کی بیماریوں میں کمی لانے کے لیے احتیاطی تدابیر کی اہمیت پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ قلبی امراض کے بڑھتے ہوئے رجحان سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ یہ جانیں کہ معمولی طرزِ زندگی کی تبدیلیاں، جیسے صحت مند غذا کا استعمال، باقاعدگی سے جسمانی سرگرمی میں مشغول رہنا، اور معمول کے طبّی معاونے کروانا خطرناک دل کی بیماریوں سے بچا سکتے ہیں۔ این آئی سی وی ڈی اس پیغام کو عام کرنے اور عوام کو دل کی صحت پر قابو پانے کے لیے بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔