نیویارک ۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے پوری دنیا کے سامنے کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ پیش کیا،وزیر اعظم نے بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جواب دینے کا پیغام دے کر قوم کی ترجمانی کی،اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا۔ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔ملاقات کا اہتمام قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی جانب سے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے وزیراعظم شہباز شریف کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب پر زبردست خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پوری دنیا کے سامنے کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ شاندار انداز سے پیش کیا،وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت پر منہ توڑ جواب دینے کا پیغام دے کر قوم کی ترجمانی کی ہے ۔وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقات میرے لئے باعث مسرت ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ یہ صرف ایک ملاقات نہیں بلکہ پاکستانی قوم کی عظمت اور ہم آہنگی کا مظہر ہے،اوورسیز پاکستانیز ہمارا قیمتی اثاثہ اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں،آپ سب کی پاکستان سے محبت کا اظہار دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ کی سرزمین پر آپ سب نے اپنی محنت اور لگن سے ایک نیا معاشرہ آباد کیا اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے،اوورسیز پاکستانیز نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز نے اپنے کردار سے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی قوم ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،آپ سب کی یہ کامیابی پاکستان کے لئے ایک روشن مستقبل کی نوید ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیز کا گراں قدر کردار ہے، پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے،اوورسیز پاکستانیز کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم نے بیرون ملک تمام سفارت خانوں کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے،اوورسیز پاکستانیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔