کراچی ( رپورٹ : مرزاافتخار بیگ ) ہمارے ملک میں صحافت کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔ یہ بات گزشتہ روز تنظیم فرینڈز آف اینٹی نارکوٹکس آف سندھ ( فانوس) کے صدر رفیع احمد نے پاکستان پریس انفارمیشن کے سینئر صحافی الطاف مجاہد سے اپنی ملاقات میں کہی۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں منشیات روزبروز بڑھتی جارہی ہے، معاشرے کا ہر طبقہ متاثر ہو رہا ہے اب کوئی خاندان اس سے محفوظ نہیں رہا ہے۔اگر ہمارا میڈیا منشیات کے خلاف شعور و آگہی کی مہم کو فروغ دے تو بہت جلد بڑھتی ہوئی منشیات پر قابو پاسکتے ہیں۔ الطاف مجاہد نے اس موقع پر کہا کہ ہم جب اپنی قوم کو منشیات کا استعمال کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو ہمارے سر شرم سے جھک جاتے ہیں۔منشیات کی موثر روک تھام نہ ہونے کی وجہ سے یہ ہمارے تعلیمی اداروں میں بھی بڑھتی جارہی ہے۔الطاف مجاہد نے منشیات کے خلاف تنظیم فانوس کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ان کا ساتھ دینا چاہیے۔ہمارا تعاون ہمیشہ فانوس کے ساتھ رہے گا۔بعد ازاں رفیع احمد کو اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔