کراچی۔ (نمائندہ خصوصی ):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آج سیاحت کا عالمی دن ’’سیاحت اور امن‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، صوبے کو ہم ملکی سیاحت کا مرکز بنائیں گے،سیاحت سے اقوام اور ثقافتوں کے درمیان امن اور افہام و تفہیم کو فروغ ملتا ہے۔عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امن کو فروغ دینے میں سیاحت نے اہم کردار ادا کیا ، یہ ایک دوسرے کو سمجھنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیاحت کے بہترین مواقع ہیں، اس کے ساحلی علاقے، دریا، دلکش مقامات اور گورکھ ہل اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کارونجھر، کینجھر، کھیرتھر نیشنل پارک، تھر کے ریگستان کے دلکش نظارے ہمارے ملک کی خوبصورتی ہے،ہمیں سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔