اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں مسلمہ اصول کو قائم رکھنا چاہئے کہ آلودگی پھیلانے والا ہی اس کی قیمت ادا کرے۔جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دو سال پہلے پاکستان ہولناک سیلاب سے متاثر ہوا جس سے 30 ارب ڈالر کے
نقصانات ہوئے، اب یہ واضح ہے کہ ہر موسم گرما میں درجہ حرارت میں شدت آئے گی جو نئے موسمیاتی اثرات کو ہوا دے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک فیصد سے بھی کم کاربن کا اخراج کرتا ہے، پھر بھی ہم نے اپنی کوئی غلطی نہ ہونے کی بہت بھاری قیمت چکائی ہے، یہ عالمی انصاف کے کسی بھی حساب کتاب میں غیر منصفانہ ہے، ہمیں مسلمہ اصول کو قائم رکھنا چاہئے کہ آلودگی پھیلانے والا ہی اس کی قیمت ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایس ڈی جیز اور موسمیاتی اہداف کی کامیابیوں کی حمایت کے لئے اپنے ترقی یافتہ ملک کے شراکت داروں کی طرف سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا منتظر ہے جس میں موسمیاتی فنانس میں سالانہ 100 ارب ڈالر سے زیادہ کا نیا سالانہ ہدف بھی شامل ہے۔