راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی ):پاک بحریہ میں ورلڈ میری ٹائم ڈے کی مناسبت سے سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔یہ دن میری ٹائم سیکٹر کے کردار، سیکیورٹی، شپنگ سیفٹی اور سمندر کی اہمیت کی آگہی اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔رواں سال کے میری ٹائم ڈے کا موضوع ’’ مستقبل کی جہازرانی : حفاظت سب سے پہلے‘‘ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک بحریہ نے ماحول دوست قوانین کی جانب دنیا کی منتقلی سے قومی مفادات کو ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے پاک بحریہ کے زیر انتظام سیمینارز، میری ٹائم گالا، واک،مضمون نویسی کے مقابلے اور لیکچرز کا اہتمام کیا گیا۔پاک بحریہ کے تعاون سے میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلینس اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افئیرز کے پلیٹ فارمز سےمیری ٹائم سیکٹر پر سیمینارز کا اہتمام کیا گیا۔پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ پاک بحریہ عوام میں میری ٹائم سیکٹر سے متعلق آگہی کو اجاگر کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔