نیویارک۔(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف اور برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی معیشت کی ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات بالخصوص ایف بی آر کی اصلاحات اور ٹیکس بیس میں اضافے، موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پاکستان کو درپیش مسائل ، پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں اور ملک میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر برطانیہ کے وزیراعظم رائٹ آنرایبل سر کیئر اسٹارمر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔دونوں
رہنماؤں کے مابین پاک برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق ہوا۔ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معاشی استحکام کے بعد ملکی معیشت کی ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات بالخصوص ایف بی آر کی اصلاحات اور ٹیکس بیس میں اضافے پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پاکستان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے تدارک کیلئے عالمی برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے برطانیہ کے تیسرے بڑے ملک کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور منصوبوں پر روشنی ڈالی۔برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے عوامی روابط کے فروغ اور تبادلوں سے باہمی طور پر مفید ترقی کے اہداف کا حصول کے عزم کا اعادہ کیا۔