فیصل آباد۔(اسپورٹس رپورٹر )بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ نور پور لائنز نے اسٹالینز کو شکست دیکر کی پہلے ایلیمنیٹر میں کامیابی حاصل کرلی ،الائیڈ بینک اسٹالیئنز کو 12 رنز سے شکست کا سامنا ،لائنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے9 وکٹوں پر 263 رنز بنائے، احمد دانیال کے 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بناکر ناٹ آؤٹ، اسٹالیئنز کے عبید شاہ کی 3 وکٹیں، اسٹالیئنز 49.3 اوورز میں 251 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، لائنز کے خوشدل شاہ اور احمد دانیال کی تین تین وکٹیں، احمد دانیال عمدہ آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔فائنل میں رسائی کیلئے 27 ستمبر بروز جمعۃ المبارک یو ایم ٹی مار خورز اور لائنز مد مقابل ہونگی۔بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ نور پور لائنز نے اسٹالینز کو شکست دیکر کی پہلے ایلیمنیٹر میں کامیابی حاصل کرلی، الائیڈ بینک اسٹالیئنز کو 12 رنز سے شکست، دوسرے ایلیمنیٹر میں نورپور لائنز کا مقابلہ یوایم ٹی مارخورز سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق نورپور لائنز نے بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کے پہلے ایلیمنیٹر میں الائیڈ بینک اسٹالیئنز کو 12 رنز سے شکست دے دی۔ 27ستمبر کو دوسرے ایلیمنیٹر میں نورپور لائنز کا مقابلہ یو ایم ٹی مارخورز سے ہوگا جسے کوالیفائر میں لیک سٹی پینتھرز نے 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔بدھ کو اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ایلیمنیٹر میں شاہین شاہ آفریدی کی جگہ لائنز کی کپتانی کرنے والے امام الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ ان کی ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر263 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔اسٹالیئنز جواب میں 49.3 اوورز میں 251 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔نوجوان فاسٹ بولر عبید شاہ کی تین وکٹوں کی عمدہ کارکردگی نے لائنز کو ابتدا ہی میں مشکل سے دوچار کردیا۔روحیل نذیر ( 4 ) عمیر بن یوسف ( 4 ) اور امام الحق ( 23 ) آؤٹ ہوئے تو مجموعی اسکور صرف 43 رنز تھا۔محمد طحٰہ اور شرون سراج نے اسکور میں 77 رنز کا اضافہ کیا لیکن اس شراکت کے بعد لائنز ایک بار پھر مشکلات سے دوچار ہوگئی جس کی وجہ معاذ صداقت اور عادل امین کی عمدہ بولنگ تھی۔شرون سراج دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد طحٰہ نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مد سے 47 رنز اسکور کیے۔خوشدل شاہ 2 رنز بنا پائے۔ عرفان خان کی 7 رنز کی اننگز تمام ہوئی تو مجموعی اسکور 7 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز تھا۔احمد دانیال اور عامر یامین کے درمیان آٹھویں وکٹ کی شراکت میں بننے والے 81 رنز لائنز کے لیے قیمتی ثابت ہوئے۔عامر یامین تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔احمد دانیال نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے65 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔یہ لسٹ اے ون ڈے میں ان کی پہلی نصف سنچری ہے۔عبید شاہ نے 46 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں ۔معاذ صداقت اور عادل امین دو دو کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ عادل امین نے فیلڈنگ میں تین کیچز بھی کیے۔اوپنرز معاذ صداقت ( 27 ) اور یاسر خان ( 39 ) نے اسٹالیئنز کو 64 رنز کا اچھا آغاز دیا لیکن صرف چار رنز کے اضافے پر تین وکٹیں گرگئیں جن میں سے دو کو خوشدل شاہ نے آؤّٹ کیا۔حسین طلعت اور طیب طاہر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 69 رنز کا اضافہ کرپائے تھے کہ دونوں یکے بعد دیگرے بالترتیب 32 اور28 رنز بناکرآؤٹ ہوگئے۔کپتان محمد حارث اور محمد محسن کی 48 رنز کی شراکت خوشدل شاہ نے محسن کو30 رنز پر آؤٹ کرکے ختم کی ۔اسٹالیئنز کو آخری دس اوورز میں جیت کے لیے 76 رنز درکار تھے جہانداد خان اور محمد حارث کی 39 رنز کی شراکت کا خاتمہ احمد دانیال نے حارث کو30 رنز پر آؤٹ کرکے کردیا۔انہوں نے اپنی تیسری وکٹ حارث رؤف کو آؤٹ کرکے حاصل کی۔ زمان خان کو6 رنز پر سراج نے بولڈ کیا۔آخری اوور میں اسٹالیئنز کو جیت کے لیے 18 رنز درکار تھے لیکن جہانداد خان 36 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔خوشدل شاہ نے 40 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ احمد دانیال نے 3 وکٹوں کے لیے 59 رنز دیے۔وکٹ کیپر روحیل نذیر کی کارکردگی بھی بہت عمدہ رہی انہوں نے تین کیچز اور ایک اسٹمپڈ کیا۔احمد دانیال اپنی عمدہ آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ رہے۔