کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان کی سہولت کاری پاکستان کے دشمن ممالک کرتے ہیں، عمران خان کو کہیں نہ کہیں سے سہولت کاری ہوتی ہے یہ بات ہم پہلے سے کہتے چلے آرہے ہیں۔ کراچی میں طلبہ و طالبات کو آئی ٹی کی جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے ٹائون میونسپل کارپوریشن کورنگی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کراچی کے تمام 25 ٹاؤنز کو بھی اس طرح کے اقدامات کرنے چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کی جانب سے پیپلز یوتھ اسکیل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہزاروں طلبہ و طالبات کے اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے موقع پر خطاب اور میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب میں کیا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر سعید غنی نے چیئرمین کورنگی ٹاﺅن محمد نعیم شیخ کے ہمراہ پیپلز یوتھ اسکیل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جدید آئی ٹی لیبارٹری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کورنگی ممتاز بھٹو، میونسپل کمشنر ماجد علی، ڈائریکٹر ایجوکیشن شجاعت حسین، ڈائریکٹر ایڈمن آصف احمد ،پارلیمانی لیڈر تنویر عباسی، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ کورنگی کے سینئر جنرل سیکریٹری شرجیل رضوانی، انفارمیشن سیکریٹری احمد رضا، پی ایس 123کے صدر اعظم درانی ، جماعت اہلسنت کے صدر جمیل امینی ،کوآردینٹر کورنگی ٹائون معیز الدین اور یو سی چیئر مینز اور وائس چیئرمینز اور دیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی نے کورنگی عید گاہ گراؤنڈ میں منعقدہ پیپلز یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں موجود سینکڑوں طلبا و طالبات سے ملاقات کرکے ان سے معلومات حاصل کی اور انہیں اس عزم کا اعادہ کرنے کی تلقین کی کہ آئی ٹی جیسی جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے بعد وہ نہ صرف اپنے خاندان کو بلکہ اس شہر، صوبے اور ملک کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ میں کورنگی ٹائون کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں ٹائون کے وسائل سے بہت سے اچھے کام کئے ہیں اور یہ سب سے بڑا اور اچھا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائون کے چیئرمین نعیم شیخ نے بتایا ہے کہ ایک سال میں تین ہزار بچوں کو ٹریننگ دی جائے گی اور اگر کراچی کے 25 ٹائون یہ کام کریں تو کراچی کے 75 ہزار بچے سالانہ کم و بیش آئی ٹی کی ٹریننگ حاصل کر سکیں گے پھر انکو سرکاری نوکریوں کے لئیے دھکے نہیں کھانے پڑیں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ آج اس ٹیسٹ میں بہت بڑی تعداد میں ہماری بچیاں اور بہنیں موجود ہیں، اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہماری بچیاں بھی کسی میدان میں کم نہیں ہیں اور نوجوانوں کے لئیے امتحان ہے کہ بچیاں آپ سے آگے نکل جاتی ہیں اس لئے بچے بھی محنت کریں۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ اس کورسز کے سرٹیفکیٹ کے حوالے سے جب پوچھا ہے تو مجھے بتایا گیا ہے کہ اس سسلسلہ میں سندھ ٹیکنیکل بورڈ سے بات کی گئی ہے اور اس کورسز کے سرٹیفیکٹ یہی بورڈ دے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے ایک گورننگ بورڈ بنایا جارہا ہے، جو اس تمام کی مانیٹرنگ کرے گا تاکہ بچوں اور بچیوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور حکومت سندھ بھی انکی بھرپور مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایم سی کورنگی نے اپنی آئی ٹی لیب بھی بنائی ہے، جو ایک قابل ستائش اقدام ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کو کہیں نہ کہیں سے سہولت کاری ہوتی ہے یہ بات ہم پہلے سے کہتے چلے آرہے ہیں۔ اب جو آراٹیکل آرہے ہیں وہ ہماری باتوں کو سچ ثابت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل میں لوگ آج یہ بول رہے ہیں سنگین بات ہے جو اسرائیلی اخبار نے کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سہولت کاری پاکستان کے دشمن ممالک کرتے ہیں۔