اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):ترجمان دفتر خارجہ نے مالم جبہ اور سوات میں پولیس وین پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار کومالم جبہ اور سوات کے دورے کے بعد اسلام آباد جانے والے سفارتکاروں کے ایک گروپ نے ایک واقعہ کا مشاہدہ کیا ۔ترجمان نے کہا کہ اس واقعہ میں ایک ایڈوانس اسکائوٹ پولیس کی گاڑی کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ ترجمان نے کہا کہ سفارتکاروں کا یہ گروپ بحفاظت اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں اس واقعے میں شہید پولیس اہلکار اور تین زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا احترام کرتے ہیں جو دہشت گردوں کے سامنے ثابت قدم رہتے ہیں۔ اس طرح کے اقدامات پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عزم سے نہیں روک سکیں گے۔