سری نگر (مانٹرنگ ڈیسک ): بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بی جے پی اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف بے بنیادپروپیگنڈہ کر رہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے، اسنے ہر سال دو کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا جس کا مطلب تھا کہ ایک دہائی میں 20 کروڑ نوکریاں دی جائیں گی لیکن عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے محض مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا کرنے، انہیں پیٹ پیٹ کر قتل کرانے ، انکے گھروں اور مساجد کو مسمار کرنے کا کام کیا۔