اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ): آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے متنازعہ علاقے میں ہونے والے ڈھونگ انتخابات کشمیریوں کے پیدائشی حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چوہدری انوار الحق اسلام آباد میںآزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان سے ان کی رہائش گاہ پر گفتگو کر رہے تھے۔دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں موجودہ سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں اورپیراملٹری فورسز کے اہلکاروں کی موجودگی میں جاری انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیا۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی، وزیر صحت ڈاکٹر نثار انصار ابدالی، وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ، رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری علی شان سونی، سردار احمد صغیر اور سردار افتخار رشید بھی چوہدری انوار الحق کے ہمراہ تھے۔