لکسمبرگ۔(نمائندہ خصوصی )
پاکستان فورم لکسمبرگ نے پاکستان کی رنگارنگ اور متنوع روایات کو مقامی سطح پر بھرپور طورپر اجاگر کرتے ہوئے ہوئے ہفتہ کو یہاں ثقافتی دن کا اہتمام کیا۔اس تقریب نے لکسمبرگ کی مقامی کمیونٹی اور پاکستانی برادری کو دلکش انداز میں اپنی طرف متوجہ کیا اور ثقافتی تبادلے اور پاکستان کے متنوع ورثے کو دلکش انداز میں پیش کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کیا ۔
برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور فراز زیدی نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے شرکا ء لذیذ نمکین کھانوں سے لے کر میٹھے پکوانوں تک روایتی پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے جبکہ پاکستانی کھانوں کے اسٹالز پر مختلف انواع کے علاقائی پکوان بھی پیش کئے گئے ۔اس تقریب میں پاکستان کی شاندار روایات کی عکاسی کرنے والی دستکاری کے فن پاروں کی نمائش کرنے والے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے جن میں ٹیکسٹائل، مٹی کے ظروف اور زیورات شامل تھے جنہوں نے حاضرین کو دستکاری کے نمونہ جات کے پس پردہ ہنرمندی اور ثقافتی اہمیت کو سراہنے کا موقع فراہم کیا۔ خاندان اور بچے کارنیول طرز کے کھیلوں اور دیگر تفریحی سرگرمیوں میں بھی مشغول رہے۔
روایتی پاکستانی موسیقی پر مشتمل لائیو میوزک پرفارمنس نے ثقافتی ماحول کی رونق کو دوبالا کردیا ۔اس موقع پر اپنے مختصر کلمات میں فراز زیدی نے تقریب کے انعقاد میں پاکستان فورم لکسمبرگ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس ثقافتی دن نے پاکستان کی بھرپور ثقافت کو لکسمبرگ کے لوگوں میں اجاگر کرنے کا ایک گراں قدر موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے باہمی افہام و تفہیم اور کمیونٹی روابط کو فروغ ملے گا۔ پاکستان فورم لکسمبرگ خطے میں پاکستانی ثقافت اور ورثے کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔