اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم سب کو اقوامِ عالم کے مابین امن، رواداری اور بقائے باہمی کے کلچر کو فروغ دینا چاہئے،بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں عالمی امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں،ہمیں ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے، دنیا امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی حاصل نہیں کر سکتی، دنیا کی ترجیح تنازعات کی بجائے اِنسانیت کو درپیش مسائل کا حل ہونا چاہئے ۔ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پیغام میں صدر مملکت نے عالمی یوم امن کے موقع پر اقوامِ عالم کے مابین امن کے اصولوں کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے عالمی یوم امن کا موضوع "امن کے کلچر کو فروغ دینا”ہے، ہم سب کو اقوامِ عالم کے مابین امن، رواداری اور بقائے باہمی کے کلچر کو فروغ دینا ہے، آج دنیا کو مختلف علاقوں میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور تنازعات کا سامنا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ تنازعات عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں،اسرائیل نے فلسطین میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے،اسرائیل ہزاروں لوگوں کے غزہ میں قتل عام سے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ صدر مملکت نےکہا کہ ہندوتوا سے متاثر مودی حکومت غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے، مودی حکومت بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنا رہی ہے، بھارت مسلمانوں کے بنیادی حقوق سلب کر رہا ہے۔صدر مملکت نےمزید کہا کہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں عالمی امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں، ہمیں ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے،دنیا کی ترجیح تنازعات کی بجائے اِنسانیت کو درپیش مسائل کا حل ہونا چاہیے، غربت، بھوک، ناانصافی، ظلم، عدم مساوات، بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حل پر توجہ دینا ہوگی،دنیا امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی حاصل نہیں کر سکتی،جنگیں اور تنازعات لوگوں کیلئے مشکلات اور مصائب میں اضافہ کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئیے امن، رواداری اور انسانی وقار کے احترام کے فروغ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کریں، ہم سب مل کر ایک پرامن مستقبل اور ایک بہتر دنیا تشکیل دے سکتے ہیں،ہم ایسی دنیا تشکیل دے سکتے ہیں جہاں ہماری آئندہ نسلیں امن اور ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں۔