لاہور ۔(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر عالمی مسائل، امن کے فروغ، ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے امور کو اجاگر کیا جائے گا ،دنیا کے سامنے پاکستان کا نقطہ نظر پیش اور مختلف امور پر پاکستان کے موقف اور مفادات کی ترجمانی کروں گا ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کو روانگی کے موقع پر ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نیویارک روانہ ہو رہا ہوں،نیویارک میں انتہائی مصروف وقت گزرے گا ۔وزیراعظم نے کہا کہ اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے اپنی بات چیت میں عالمی مسائل، امن کے فروغ، ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے امور کو اجاگر کیا جائے گا ،اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم سے دنیا کے سامنے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کروں گا اور مختلف امور پر پاکستان کے موقف اور مفادات کی ترجمانی کروں گا ۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط کرنے کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں سے بھی دنیا کو آگاہ کیا جائے گا۔