اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اور عوام ،جنگ و تنازعات سے پاک پرامن دنیا کے فروغ کے لئے عالمی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، پاکستان بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر پختہ یقین رکھتا ہے، آج کے دن ہم اقوام عالم کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے اس جانب عملی اقدامات کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے امن کے عالمی دن کے موقع پر ہفتہ کو جاری پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے، ہمیں اقوام عالم کے مابین اختلافات کو ختم کرنے اور امن کے مقصد کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔– وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے پر پختہ یقین رکھتا ہے تاہم اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے دیرینہ تنازعات کو حل کرنا ضروری ہے، اس خطے میں جموں و کشمیر کا تنازعہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کے پائیدار حل کی بنیاد غیرجانبدارانہ رائے شماری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں فلسطینیوں کی حالت زار کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، جو ریاستی جارحیت کا بہادری سے سامنا کر رہے ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کا پرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کے فروغ کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے، جس سے ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک پرامن کل کی تعمیر کر سکتے ہیں اور دنیا کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔