بڈاپیسٹ:(مانٹرنگ ڈیسک )ہنگری کے دارالحکومت بڈا پیسٹ میں تین روزہ کشمیر فیسٹیول کا انعقاد کیا گیاجسکا اہتمام آزاد جموں وکشمیر کے شہر کوٹلی سے تعلق رکھنی والی معروف شخصیات راجہ زاہد اور راجہ جمیل نے کیا تھا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فیسٹیول کے مقام کوآزاد جموں وکشمیر اور پاکستان کے جھنڈوں سے سجایا گیا تھا۔ فیسٹیول کے دوران کشمیری موسیقی، روایتی رقص اور فنون لطیفہ سمیت انتہائی رنگا رنگ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
فیسٹیول میں تارکین وطن کشمیریوں اور پاکستانیوں سمیت مقامی لوگوں نے بھی بڑھ چڑھ کو شرکت کی ۔ اس موقع پرمہندی کا سٹال بھی لگایا گیا تھا جس میں خواتین اور بچیوں نے انتہائی دلچسپی لی اور اسے خوب پسند کیا۔
بچوں کے لیے جھولے اور دیگر تفریحی سرگرمیاں بھی میلے کا حصہ تھیں جس نے ننھے شرکاءکے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیردیں ۔
راجہ زاہد اور راجہ جمیل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ا نکے اس ایونٹ کا مقصد کشمیری ثقافت کو عالمی سطح پر فروغ دینا ہے اور وہ آئندہ بھی اس طرح کی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔