اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے نڈر جوانوں کی جرات و بہادری کی بدولت متعدد دہشتگرد جہنم واصل ہوئے۔وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں محمد شہباز شریف نے کہا کہ خوارج کا ارض پاک سے مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔