اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ حضرت محمدﷺ کی سیرت طیبہ سے استفادہ کرتے ہوئے دنیا کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ قومی رحمت العالمینﷺ و خاتم النبینﷺ اتھارٹی کے زیر اہتمام جمعہ کو یہاں نیشنل سکلز یونیورسٹی میں قومی سیرت فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے حطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں سیرت النبیﷺ کے موضوع پر زیادہ سے زیادہ بات کرنی چاہئے تاکہ لوگوں تک حضرت محمدﷺ کا پیغام پہنچے، عشق رسولﷺ نعرہ نہیں یہ وعدہ ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس طرح کی محافل کا انعقاد بڑی سعادت کی بات ہےحضرت محمدﷺ کی سیرت طیبہ سے استفادہ کرتے ہوئے دنیا کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں، حضرت محمدﷺ کا وجود مبارک اس دنیا کے تخلیق کی وجہ ہے، اس طرح کی ذات کی پیروی بھی کمال حد تک ہونی چاہئے۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اب دین مکمل ہو چکا ہے جو اللہ کے پیارے رسولﷺ کی بدولت ہی مکمل ہوا ہے، ہم پر اللہ تعالی کا بہت احسان ہے کہ اس نے حضرت محمدﷺ جیسی ہستی کو ہمارے لئے نبی بنا کر بھیجا، ہمیں حضرت محمدﷺ کے ایک ایک لفظ پر ایمان اور یقین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمدﷺ کے ہوتے ہوئے ہمیں دوسری طرف دیکھنے کی ضرورت ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت وہ اصول ہے جس پر سوال اٹھایا ہی نہیں جاسکتا، ختم نبوت پر کوئی مسلمان کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ آج جوش سے نہیں ہوش سے کام لیتے ہوئے ہمیں مستقبل کی تیاری کرنی چاہئے تاکہ مسلمان جدید دور میں پیچھے نہ رہ جائیں۔رحمتہ اللعالمینﷺ اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانفرنس کا مقصد سیرت کی روشنی میں عالمی امن کا حصول ہے، دنیا کو امن چاہئے تو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم کی سیرت کی طرف آنا ہوگا، دنیا امن کے لئے ادھر ادھر بھٹکنے کی بجائے سیرت کی طرف آئے،سماجی مسائل کے حل کے لئے سیرت رسول سے رہنمائی لینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آج غزہ میں جو ہورہا ہے وہ بے انصافی کی وجہ سے ہورہا ہے، اسرائیل جیسے ممالک ظالمانہ طریقے سے وجود میں آجاتے ہیں پھر عالمی امن کو خطرہ لاحق ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم کے تعاون سے تاریخ کی پہلی سیرت النبی ۖ کانفرنس کا انعقاد ممکن ہوا جس میں نیشنل بک فائونڈیشن، پیرا، اسلامک ڈیپارٹمنٹ آف علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، ایف ڈی ای، اسلام ریسرچ کونسل، فیڈرل بورڈ، نیشنل سکلز یونیورسٹی اور دیگر شراکت داروں کا کردار قابل تحسین ہے۔ تقریب میں وفاقی وزرا، علما کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شرکا نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔