اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 11 دہشتگردوں کی ہلاکت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں جھڑپوں کے دوران دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور انہیں جہنم واصل کیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے 6 بہادر اہلکاروں کی شہادت پربھی اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے جوانوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیں گے،پور ی قوم دہشتگردوں سے سینہ سپر اپنی سکیورٹی فورسز کی پشت پر متحد کھڑی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔