اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے جمعہ کو گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کیلئے وظائف کی ادائیگی کیلئے ایک نئے،بہتر اور شفاف نظام کے قیام پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اس موقع پر سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام عامر علی احمد بھی
ان کے ہمراہ موجود تھے۔ملاقات کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے صدر اور وزیر اعظم کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والی غریب خواتین کو امدادی رقوم کی شفاف اور باعزت طریقے سے ادائیگی کے وژن پر روشنی ڈالی۔ گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کی جانب سے اس بات کی یقین دہانی کرائی گی کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور سٹیٹ بینک کے مابین باہمی مشاورت سے مستحق خواتین میں وظائف کی ادائیگی کا آسان طریقہ کار وضع کیا جائے گا تاکہ غریب خواتین کو ان کا حق شفاف اور باعزت طریقے سے مل سکے۔