کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین نے وفاقی انشورنس محتسب سید ممتاز علی شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈاکٹر عشرت حسین نے وفاقی انشورنس محتسب کو انشورنس انڈسٹری میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنے تجربات اور تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں انشورنس سیکٹر کو مستحکم کرنے کے لیے اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور پالیسی ہولڈرز کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔ وفاقی انشورنس محتسب سید ممتاز علی شاہ نے ڈاکٹر عشرت حسین کو انشورنس سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات اور انشورنس محتسب سیکریٹریٹ کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شکایات کے حل کے نظام کو تیز تر اور موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ انشورنس پالیسی ہولڈرز کو بروقت انصاف فراہم کیا جا سکے۔ سید ممتاز علی شاہ نے بتایا کہ شکایت کنندگان کو ان کی دہلیز پر بروقت انصاف کی فراہمی اس ادارے کا اصل ویژن ہے جس کی تکمیل کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ملاقات میں دونوں شخصیات نے انشورنس سیکٹر میں موجود مسائل کو حل کرنے اور پالیسی ہولڈرز کے مفادات کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ انشورنس محتسب کے دفتر اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطے اور تعاون کو فروغ دیا جائے تاکہ انشورنس انڈسٹری کی ترقی اور پالیسی ہولڈرز کے مسائل کے حل میں بہتری لائی جا سکے۔ ملاقات میں انشورنس سیکٹر کی موجودہ صورتحال، پالیسی ہولڈرز کے حقوق، اور شکایات کے ازالے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔