کراچی( نمائندہ خصوصی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے وفد نے آئی سی سی سیکیورٹی ریکی ٹیم کے سربراہ ڈیوڈ میسکر کی قیادت میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ یہ دورہ پاکستان میں آئندہ آئی سی سی کرکٹ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے تیاریوں کا حصہ تھا، جس کا مقصد کھلاڑیوں، آفیشلز، اور شائقین کے لیے محفوظ اور پُرامن ماحول کی فراہمی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور آئی سی سی کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔کمانڈنٹ ایس ایس یو انور کھیتران نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے میچز کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے سیکیورٹی کے مربوط نظام کی اہمیت پر زور دیا، جس میں شائقین کا نظم و نسق، ایمرجنسی ریسپانس کا لائحہ عمل، اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون شامل ہے۔ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے بھی وفد سے ملاقات کی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ کارکردگی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں اور وسائل کی کسی بھی ضرورت کو فوری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ ایک کامیاب ٹورنامنٹ کے لیے تمام ضروری معاونت فراہم کی جا سکے۔آئی سی سی کے وفد کے سربراہ نے ایس ایس یو کی جانب سے کی جانے والی انتھک کوششوں کو سراہا اور مقامی حکام کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ ایونٹ کے لیے سیکیورٹی اقدامات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔اس موقع پر ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر کا ایک اہم ایونٹ ہے۔ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور ہم بین الاقوامی سطح کے ٹورنامنٹس کے لیے محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی اور ایس ایس یو دونوں اس بات کے لیے پرعزم ہیں کہ جدید مواصلاتی آلات کے ذریعے تمام سیکیورٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے۔
*